پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ کرکٹ میں بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سب کچھ ٹھیک جا رہا ہےلیکن حالات ہمیشہ آپ کے مطابق نہیں ہوتے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے اپنی حالیہ کارکردگی اور فارم پر کھل کر بات کی۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میرا منصوبہ یہ تھا کہ ابتدا میں 40 رنز تک محتاط انداز میں بیٹنگ کروں۔ درمیانی اوورز میں اسپنرز کے خلاف کھیلنا کچھ مشکل تھا، اس لیے فیصلہ کیا کہ میں انہیں سمجھداری سے کھیلوں، اور جب گیند میری رینج میں آئے گی تو بھرپور شاٹ لگاؤں اور خوش قسمتی سے وہ موقع ملا بھی۔
اس موقع پر سلمان آغا نے کہا کہ ٹیم اور پوری قوم آپ کی اس اننگز سے بے حد خوش ہے، کیونکہ سب کا یقین ہے کہ جب آپ رنز بناتے ہیں تو پاکستان کسی بھی ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کرسکتا ہے۔
اپنی سابقہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ گزشتہ کچھ میچوں میں وہ لوگوں اور ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اتر پا رہے تھے مگر وہ مایوس نہیں ہوئے اور مسلسل محنت جاری رکھی۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ کرکٹ میں ایسے لمحے آتے ہیں جب سب کچھ ٹھیک محسوس ہوتا ہے لیکن نتیجہ آپ کے حق میں نہیں نکلتا۔ تاہم، الحمداللہ آج اللہ نے کرم کیا اور سب اچھا رہا۔








